جمشید اقبال چیمہ

دسمبر تک خوردنی تیل ،چینی کی قیمتوںمیں بالترتیب 15اور25فیصد تک کمی ہو گی ‘جمشید اقبال چیمہ

لاہور(گلف آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے امید ظاہر کی ہے کہ دسمبر تک خوردنی تیل اورچینی کی قیمتوںمیں بالترتیب تقریباً15اور25فیصد تک کمی ہو گی ،دودھ کی قیمتیں کم کرنے کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں ،مقامی سطح پراجناس کی پیداوار بتدریج بڑھ رہی ہے ،پوری دنیا میں خوراک کے سٹریٹجک ذخائر رکھے جاتے ہیں اس لئے پاکستان نے بھی گندم اور چینی کے 120روز کے ذخائر کو مستحکم کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ گندم کی 27.5ملین ٹن پیدا وار ہوئی ہے جو تاریخ میں ریکارڈ ہے اوریہ قومی ضرورت سے2ملین ٹن اضافی ہے ،اسی طرح 81ملین ٹن گنے کی پیداوارحاصل ہوئی جس سے 7ملین ٹن زیادہ چینی پیدا ہوئی جبکہ ہماری ضرورت ساڑھے 5ملین ٹن ہے۔120روز کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لئے گندم اورچینی کی درآمد کی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ جب مارکیٹ میں قلت آ جائے تو مارکیٹ افواہوں پر چلتی ہے اورمستقبل میں اس طرح کی افواہوںکو روکنے کے لئے چینی اور گندم منگوا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مہنگائی کو روکا جائے اور اس کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے ، یہ مسئلہ حل ہوتا ہے تو دوبارہ کبھی نہیں آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں ،ترسیلات زرمیںاضافہ ہوا ہے ، بڑی مشینری کی درآمد کی وجہ سے ہمارا درآمدی بل بڑھاہے ۔

لیکن ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے27ارب ڈالر ہو گئے ہیں، برآمدات بڑھی ہیں ، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اس لئے خسارہ ایک سطح پر رہے گا ۔ملک میں مستقبل کے لئے سرمایہ کاری ہو رہی ہے ، بیرونی اور اندرنی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ انشااللہ اب مہنگائی کو واپس لائیں گے ،امید ہے آئندہ تین سے چار ماہ میں خوردنی تیل اورچینی کی قیمتیں کم ہوں گی اور اندازہ ہے کہ یہ 15 اور25فیصدتک سستی ہو جائیں گی،

دالیںاور سبزیاںسستی ہو رہی ہیں ،دودھ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں،البتہ گوشت سستا نہیںہوگا اور اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں