احسن اقبال

دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی تھی ،اناڑی کو حکومت دینے کے اقدام نے تباہی کر دی’احسن اقبال

نارووال ( گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی مجھے جیل میں ڈالنے کی دھمکی دیتا ہے ،عمران خاں کان کھول کر سن لو میں پہلے بھی جیل گیا تھا اب بھی جیل میں جانے کو تیار ہوں مگر تم حق اور سچ کی آواز کو دبا نہیں سکو گے ،عوام کی آواز نہیں دبا سکو گے۔نارووال کے نواحی گائوں آہلولعل میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سی پیک کے لئے میرا انتخاب کیا کہ آپ سی پیک کو کامیاب بنائیں،پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری اس سے پہلے کبھی نہیں آئی ،دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی تھی مگر 2018ء کے الیکشن میں اناڑی کو پاکستان کی حکومت دے دی گئی جس نے سارے ملک کی تباہی کر دی۔

اس کا اندازہ اس بات سے لگا لیں ہم نے یونیورسٹی آف نارووال کی عمارت ایک سال میں کھڑی کر دی مگر اس نالائق حکومت سے یونیورسٹی کی ایک سڑک تک نہ بن سکی۔نارووال ریلوے ااسٹیشن تیار ہے اس کے اندر دکانیں تین سال سے بنی پڑی ہیں یہ حکومت ان دکانوں کو کرائے پر نہ دے سکی۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں جیل کاٹ کر آیا ہوں مجھے سزائے موت کی چکی میں رکھا گیا کیوں؟ میرا جرم کیا تھا بس یہ کہ نارووال میں سپورٹس سٹی کیوں بنایا؟،کینسر ہسپتال تیار پڑا ہے مگر اس کو کیوں شروع نہیں کیا جا رہا کیونکہ گلوکار ابررالحق اپنا کینسر کا ہسپتال بنانا چاہتا ہے ،اگر نارووال کا سرکاری کینسر ہسپتال چل گیا تو وہ اپنے پرائیویٹ کینسر ہسپتال کے لئے چندہ کیسے اکٹھا کرے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں