کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کی درخواست ضمانت پر وکلا کو تیاری کرنے کی ہدایت کردی۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں جسٹس ندیم اختر اور جسٹس محمد اقبال کلہوڑو پر مشتمل بینچ نے آمدن سے زائد اثاثے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔
وکیل صفائی نے موقف دیا کہ ریفرنس کی سماعت ٹرائل کورٹ میں بھی جاری ہے، سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے وکلا کو تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے آئندہ کسی وکیل کی عدم حاضری کے سبب سماعت ملتوی نہیں ہوگی۔ آئندہ سے کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیادوں پر ہوگی۔
جسٹس محمد علی مظہر کے سپریم کورٹ جانے سے خصوصی بینچ ٹوٹ گیا تھا۔ خصوصی بینچ سپریم کورٹ کی ہدایت پر بنایا گیا تھا۔ ضمانتیں منظور ہونے پر نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ضمانتوں سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے ازسر نو سماعت کی ہدایت کی تھی۔