محمد جاوید

بزدار حکومت نے محکمہ جات میں مسلسل اکھاڑ پچھاڑ کو مذاق بنادیا ہے’محمد جاوید

لاہور(گلف آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے محکمہ پولیس سمیت دیگر محکمہ جات اور بیوروکریسی کو مسلسل اکھاڑ پچھاڑ کرکے ایک مذاق بنادیا ہے۔

اگر کوئی عوام کی خدمت نہیں کرتا تو اس کو کسی بھی عہدے پر رہنے کا حق نہیں۔ تین برسوں سے بزدار حکومت نے صرف افسران کو تبدیل کرنے کے سوا کوئی عوامی ریلیف کا کام نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے، حکومت کا ہر پروگرام ڈنگ ٹپا پالیسی کا حصہ ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات نہیں کیے جارہے۔

خدا جانے وہ کون سی ترقی اور خوشحالی ہے جو صرف حکمرانوں کو نظر آتی ہے جبکہ عوام کا تو برا حال ہوچکا ہے۔ بزدار حکومت کی کارکردگی صرف اخباری بیانات اور اشتہارات تک محدود ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام اپنے حقیقی نمائندوں کو پہنچائیں اور ان کو ووٹ دیں۔

74برسوں سے اس ملک کے ساتھ جو کچھ کیا جارہا ہے، اس کے بعد بھی پاکستان کا قائم رہنا کسی معجزے سے کم نہیں۔ صوبے میں بد انتظامی کی انتہا ہوچکی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ لاہور جیسے شہر میں ترقیاتی بجٹ نصف سے بھی کم خرچ کیا گیا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کی ترجیحات میں ملک کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی شامل ہی نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں