ہمایوں اختر خان

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے عمران خان کو تحفہ دینگے’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ 12ستمبر کو تحریک انصاف کی کامیابی کا سورج طلوع ہوگا اور لاہورکو اپنا قلعہ قرار دینے والوں کو اس سے دستبردار ہونا پڑے گا ،عوام اب با شعور ہیں اوروہ جان چکے ہیں کہ ہمارے سیاسی مخالفین حکمرانی پاکستان پر کرتے ہیں اورجب اپوزیشن میں ہوں تو ان کا یہاں دل ہی نہیں لگتا اوربھاگ کر لندن پہنچ جاتے ہیں،انتخابات سے قبل دھاندلی کا الزام لگانے سے ثابت ہو گیا کہ سیاسی مخالفین مقابلے کی دوڑ سے باہر ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں مختلف وارڈز میں پارٹی کے نامزدامیدواروںکی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ ،ابرار الحق،اسمانعیم،عمر طالب ایڈووکیٹ،عائشہ شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ہمایوںاختر خان نے کہا کہ ہم نے 12ستمبر کو کامیابی حاصل کر کے عمران خان کو تحفہ دینا ہے اور انشا اللہ اسی کی بنیاد پر آئندہ بلدیاتی انتخابات کی ہوا چلے گی اور جو لوگ لاہو کو اپناقلعہ قراردیتے ہیں انہیں اس سے دستبردارہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے نامزدامیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران ووٹروں اور کارکنوں کے جوش و خروش نے پیشگی فیصلہ سنا دیا ہے اورہمارے سیاسی مخالفین کی پریشانی بلا وجہ نہیں ہے کیونکہ انہوںنے عوام کے تیور اور ہوائوں کا رخ دیکھ لیا ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم نے اپنی صفوں میں اسی طرح اتحادبرقرار رکھنا ہے اور 12ستمبر کوووٹرزاپنے اہل خانہ کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر لوٹ مار اور کرپشن کرنے والوں کی سیاست کو ایک بار پھر اپنے ووٹ کی طاقت سے مستردکردیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں