سکندر سلطان راجہ

وزارت دفاع نے کنٹونمنٹ الیکشن کا ڈیٹا فراہم کیا،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے کنٹونمنٹ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق وزارتِ دفاع نے سارا ڈیٹا فراہم کیا۔

یہ بات چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہونے والی سماعت کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کریں، یہ قانونی ذمے داری ہے۔ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے دورانِ سماعت بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترمیم کر چکے، کابینہ سے منظوری لینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کو کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے آرڈیننس جاری کریں، بلوچستان میں نئے حلقے بننے ہیں، 3 ہفتے کی مہلت دی جائے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ قانون اور آئین گنجائش نہیں دیتا کہ ہم بلدیاتی انتخابات موخر کریں، ہم عام آدمی کو مقامی حکومت سے محروم نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق 4 ہفتے بعد سماعت کریں گے، الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپنا آرڈر جاری کرے گا اور اس حوالے سے تاخیر نہیں کرے گا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں