سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ کا پی ای سی ایچ بلاک 6 میں فٹ پاتھ پر قبضے کیخلاف درخواست پر کے ایم سی حکام کوفوری قبضہ ختم کرانے کا حکم

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے پی ای سی ایچ بلاک 6 میں فٹ پاتھ پر قبضے کیخلاف درخواست پر کے ایم سی حکام کوفوری قبضہ ختم کرانے کا حکم دیدیا۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ نے پی ای سی ایچ بلاک 6 میں فٹ پاتھ پر قبضے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ہم نے ہر فورم پر رجوع کیا جب نہیں سنی گئی تو عدالت آئے۔ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں 245/2/پی کے سامنے فٹ پاتھ پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔

شہریوں کو آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ کے ایم سی کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواست گزار نے ہم سے رجوع نہیں کیا۔ عدالت کے ایم سی اور دیگر حکام پر برہم ہوگئی۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے سمجھ نہیں آتی متعلقہ ادارے غیر قانونی تعمیرات اور قبضے کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس میں کہا کہ لوگ مایوسی ہوکر دادرسی کے لیے سندھ ہائیکورٹ آتے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ کے ایم سی حکام جائیں اور فوری قبضہ ختم کرائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ قبضہ ختم کرنے میں جو بھی اخراجات آئیں، وہ قابضین سے وصول کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں