یوسف رضا گیلانی

یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی نااہلی کیس کی سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد (گلف آن لائن)الیکشن کمیشن نے اپوزیشن لیڈر سینیٹر یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی نااہلی کیس کی سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کردی جبکہ پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع مل گیا ۔

پیر کو الیکشن کمیشن کے ممبر نثار احمد درانی کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے اپوزیشن لیڈر سنیٹر یوسف رضا گیلانی، علی حیدر گیلانی اور فریال تالپور کی نا اہلی سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواستوں کی سماعت کی۔ یوسف رضا گیلانی، علی حیدر گیلانی کے نااہلی کیس میں پی ٹی آئی وکیل برسٹر علی ظفر کے نمائندے پیش ہوئے۔ یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے کمیشن سے کہا کہ الیکشن کے ساٹھ دن مکمل ہو چکے ہیں ، اس کے بعد الیکشن کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا، دیکھا جائے کہ کیا یہ درخواست قابل سماعت ہے کہ نہیں۔ جس کے بعد کمیشن نے کیس کی سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

فریال تالپور کے وکیل فاروق نائیک کے معاون وکیل کمیشن میں پیش ہوئے اور فاروق نائیک عدم حاضری پرسماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ الیکشن کمیشن نے فریال تالپور کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کا کیس میرا یا عمران خان کا نہیں پوری قوم کا کا ہے ووٹ خرید کر سینٹ الیکشن چوری کیا گیا۔عالیہ حمزہ نے کہا کہ ہم اگلا مقدمہ ای وی مشین کے لئے ٹھپہ مافیہ کے خلاف لڑ رہے ہیں صاف اور شفاف الیکشن کے لئے بار بار الیکشن کمیشن کو یاددہانی کراتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں