اپوزیشن نے تین سالوں میں عوام کی بھلائی کیلئے کوئی بھی ایجنڈا پیش نہیں کیا ‘ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں قیادت کی جنگ اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے اور پارٹی رہنمائوں سے بھی واضح پوچھا جارہا ہے وہ کس کے ساتھ ہیں ،حکومت کو گھر بھیجنے کی تاریخیں دینے والے اب خود آرام سے گھر بیٹھ گئے ہیں ،مشکل وقت ختم ہو رہا ہے اور انشااللہ اب عوام کوریلیف دینے کی طرف بھرپور پیشرفت کی جائے گی ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے زبوں حالی کا شکار معیشت کو پائیدار بنیادیں فراہم کرنے کیلئے اصلاحات پر مبنی غیر معمولی فیصلے کئے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے کئی دہائیوں کے بیگاڑ کو سدھارنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کے دورس نتائج برآمد ہوں گے ، اب یہ طے ہو گیا ہے کہ پاکستان صرف آئین و قانون کے مطابق چلے گا اور یہی ترقی کا فارمولہ ہے ۔

انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے معیشت سے جڑے دیرینہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا بھرپور عزم دکھایا جس کا نتیجہ ہے کہ آج ہماری معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی ادارے بھی اس کے معترف ہیں ۔ موجودہ حکومت بھی معیشت پر کاسمیٹکس کا لیپ کر کے پانچ سال گزار سکتی تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے ملکی مفادات کو اپنی سیاست پر ترجیح دی او رغیر معمولی او رمشکل فیصلے کئے جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کو ملک و قوم کے مسائل سے نہیں صرف اپنے کیسز سے سروکار ہے او ریہی وجہ ہے کہ آج تک اپوزیشن جماعتوں نے عوام کی بھلائی کیلئے کوئی بھی ایجنڈا پیش نہیں کیا ۔ عوام اپوزیشن کی کارکردگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیںاور آئندہ عام انتخابات میں ان کا کڑا محاسبہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں