اسلم اقبال کی زیر صدارت دوبئی ایکسپو کے حوالے سے اجلاس،ایکسپو میں پنجاب حکومت کی شرکت کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

لاہور(گلف آن لائن) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت دوبئی ایکسپو کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ہوا جس میں دوبئی ایکسپو میں پنجاب حکومت کی شرکت کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے دوبئی ایکسپو میں شرکت کے حوالے سے انتظامی اور مالیاتی اقدامات کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں اطلاعات و ثقافت، منصوبہ بندی و ترقیات اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ممبران پر مشتمل کلچرل سب کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ دوبئی ایکسپو میں 21نومبر کو انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گاجس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے۔

صوبائی وزرا،اراکین اسمبلی،انتظامی سیکرٹریز اور پاکستان کے و دیگر ممالک کے سرمایہ کار بزنس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوبئی ایکسپو سے نئی سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی۔ایونٹ کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے محنت اور لگن سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دوبئی ایکسپو کے ذریعے صوبہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال نے دوبئی ایکسپو میں مختلف محکموں کی شرکت کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں