اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی: ریجنل کیمپسز میں طلبہ کے لئے قائم کردہ ” سہولیاتی مراکز ” کو فعال کردیا گیا

اسلام آباد(گلف آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز نے یونیورسٹی کے تمام علاقائی دفاتر میں طلبہ کی معاونت و راہنمائی کے لئے قائم ” سہولیاتی مراکز ” کوفعال کردیا ہے ، جہاں طلبہ کو داخلہ فارم آن لائن جمع کرانے کے لئے انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولتیں مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ڈی آر ایس آفس کی میڈیا فوکل پرسن )اے ڈی آر ایس( ، صدف اشرف کے مطابق جن طلباءو طالبات کے پاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولتیں نہیں ہیں وہ یونیورسٹی کے قریب ترین ریجنل آفس میں جاکروہاں انفارمیشن ڈسکوں پر موجود انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولتوں سے مفت استفادہ کرکے اپنا داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔ سمسٹر خزاں 2021ءکے دوسرے مرحلے کے داخلوں کی آخری تاریخ 28۔اکتوبر ہے۔

تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، تمام پروگرا موں میں داخلہ صرف آن لائن موڈ کے تحت حاصل کیاجاسکتا ہے۔واضح رہے کہ یونیورسٹی کے مجموعی نظام کو ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، طلبہ کو گھر کی دہلیز پر آن لائن سہولتیں فراہم کردی گئیں ہیں ، وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے تمام ریجنل دفاتر میں کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم کردی ہیں تاکہ جن طلبہ کے پاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولتیں نہیں ہیں وہ یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں قائم کردہ انٹرنیٹ سہولتوں سے آراستہ اِن”کمپیوٹر لیبارٹریوں”سے مفت استفادہ کرسکیں۔

علاوہ ازیں یونیورسٹی کے مین کیمپس میںطلبہ کو ایک چھت کے نیچے معلومات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لئے ون ونڈو آپریشن جو یونیورسٹی کے مین گیٹ کے ساتھ قائم کیا گیا ہے ، ڈی جی آر ایس اور وائس چانسلر کی ہدایات پر تمام سٹاف کو مزید متحرک کردیا گیا ہے تاکہ ملک بھر سے آنے والے طلباءو طالبات کے مسائل فوری طور پر حل ہوں اور "تعلیم سب کے لیے" کے وژن کے تحت تمام طلبہ کے لئے تعلیم کا حصول مزید آسان ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں