سندھ ہائی کورٹ

کہاں ہیں لاپتا افراد؟ اب تک کہاں کہاں تلاش کیا؟ لاپتا شہری کی گمشدگی کا مقدمہ درج کیوں نہیں کیا؟،عدالت پولیس پر برہم

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر لاپتا شہری کا مقدمہ درج کرنے اور تھانہ نیو ٹائون پولیس اور دیگر کو لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔

پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں بینچ نے لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق درخواستوں پرسماعت کی۔ عدالت پولیس حکام پر برہم ہوگئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ کہاں ہیں لاپتا افراد؟ اب تک کہاں کہاں تلاش کیا؟ لاپتا شہری ظفر حسن کی گمشدگی کا مقدمہ درج کیوں نہیں کیا؟ پولیس حکام نے بتایا کہ لاپتا شہری کے اہلخانہ نے رابطہ نہیں کیا۔

عدالت نے لاپتا شہری کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر مقدمہ درج کرکے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے شہری سید ذوالفقار اور دیگر کی گمشدگی سے متعلق رپورٹس بھی طلب کرلیں۔ عدالت نے تھانہ نیو ٹائون پولیس اور دیگر کو لاپتا شہریوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں