سعد رضوی

کالعدم جماعت کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

لاہور( گلف آن لائن )لاہورہائیکورٹ نے کالعدم جماعت کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کل( جمعرات) تک ملتوی کرتے ہوئے جس نوٹیفیکیشن کو چیلنج کیا گیا اس کی تو معیاد بھی مکمل ہو چکی ہے پھر یہ کیس کیسے قابل سماعت ہے ۔چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی ۔

فاضل عدالت نے کہاکہآپ درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق عدالت کو مطمئن نہیں کر رہے۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے از سر نو کیس کی سماعت کا حکم دیا تھا ۔چیف جسٹس محمدامیر بھٹی نے کہاکہ اگر نوٹیفیکیشن کی معیاد ہی مکمل ہو چکی ہے جس کو آپ نے چیلنج کیا تو ہم کیسے یہ سماعت کریں ۔ چیف جسٹس نے درخواست سعد رضوی کے چچا کے وکلاء کو آج جمعرات تک کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مطمئن کریں ۔

وکیل نے کہاکہ حکومت اور ٹی ایل پی کے معاملات طے ہو رہے ہیں ۔سوال یہ نہیں کہ معاملات طے ہوئے ہیں کہ نہیںآپ یہ بتائیں درخواست قابل سماعت کیسے ہے ۔ آپ نے جس نوٹیفیکیشن کو چیلنج کیا اس کی تو معیاد مکمل ہو چکی ہے پھر یہ کیس کیسے قابل سماعت ہے ۔آپ پھر اپنی پٹیشن واپس لے لیں یا نئی دائر کر لیں ۔ وکیل نے کہا کہ معزز عدالت بالکل ٹھیک کہہ رہی ہمیں تھوڑا سا وقت دے دیں ،ابھی تک حکومت نے کوئی نیا آرڈر پاس نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جب آرڈر پاس کریں تو آپ چیلنج کر سکتے ہیں ۔وکیل نے کہاکہ صرف دو دن کا وقت دے دیں ،ہم اپنی درخواست واپس بھی لے سکتے ہیں ۔فاضل عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے سعد رضوی کے وکیل کو دلائل دینے کی ہدایت کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں