اوپن یونیورسٹی

ترکی میں مسلم ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کا اجلاس ، صدارت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کی

اسلام آباد(گلف آن لائن)مسلم ممالک کے ورچوئل/اوپن یونیورسٹیوں کے نیٹ ورک)سی آئی این وی یو(کے ایگزیکٹوبورڈ کا دوسرا اجلاس یکم اور 2نومبر کو پاکستان کی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم کے زیر صدارت ترکی کی انادولو یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔اس اجلاس میں شام ، ملائیشیاء، ایران ، ترکی ، تیونس اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایگزیکٹو بورڈ ممبران نے شرکت کی تھی۔اجلاس میں ڈاکٹر محمد علی مہیسر نے کومسٹیک، پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ سی آئی این وی یو کے سیکریٹری جنرل ، پروفیسر ڈاکٹر کریم نجفی برزیگر نے اجلاس کا ایجنڈا یعنی 2020-21کے اسٹریٹجک پلان اور اس پر عمل درآمد ، پیش رفت، مالی سال 2020-21کے لئے بجٹ رپورٹ اور 2021-22کے لئے مجوزہ بجٹ پیش کیا۔

یاد رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم سی آئی این وی یو کے صدر بھی ہیں۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مسلم ممالک کی یونیورسٹیوں کے لئے ‘قلیل مدتی فیلوشپ’پیش کرے گی ، ممبر ممالک کی ورچوئل/ اوپن یونیورسٹیوں سے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کو اُن کی تدریس اور سیکھنے کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے اُن کی میزبانی کرنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہوگی۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے نیٹ ورک)سی آئی این وی یو(کی تیسری جنرل اسمبلی پاکستان کی اوپن یونیورسٹی میں فروری 2022ءکے پہلے ہفتے میں منعقد کی جائے گی جس میں دوسرے اجلاس میں طے شدہ اسٹریٹجک پلان کوحتمی شکل دینے کے لئے تمام رکن ممالک کی یونیورسٹی کے ایگزیکٹو ممبران شرکت کرینگے۔

سی آی این وی یو کے اجلاس نے او ڈی ایل/آن لائن پروگرامز اور کورسز کے لئے ایکریڈیشن فریم ورک تیار کرنے کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں او ڈی ایل پروگراموں کے لئے ‘کوالٹی ایشورنس ‘فریم ورک تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو مسلم ممالک کی ورچوئل/اوپن یونیورسٹیوں کے معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے میل سنگ میل ثابت ہوگا۔ترکی میں قیام کے دوران علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم انادولہ یونیورسٹی اور استنبول یونیورسٹی کے ساتھ مل کر مشترکہ ڈگری پروگرام پیش کرنے ، اسٹاف اور فیکلٹی ممبران کے تبادلے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کرینگے۔

وہ ترکی میں رہائش پذیر پاکستانی اور ترک شہریوں کے لئے پیش کئے جانے والے اوپن یونیورسٹی کے بین الاقوامی پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دینے کے حوالے سے استنبول میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کا دورہ بھی کریں گے۔ترکی کے دورے میں یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعاون و تبادلہ آفس کے ڈائرےکٹر ، ڈاکٹر زاہد مجید بھی وائس چانسلر کے ہمراہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں