حمزہ شہباز

حکومت نے لگتا ہے تہیہ کر رکھا ہے کہ عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ کر چھوڑے گی’حمزہ شہباز

لاہور(گلف آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ بڑھا رہی ہے، اس اضافے سے صارفین پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالا جائے گا۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت اب تک بجلی کے نرخوں میں 52 فیصد سے زائد اضافہ کر چکی ہے ۔ ابھی چند دن قبل ہی بجلی کے بنیادی ٹیرف میں بھی 1 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔

بنیادی ٹیرف میں اضافے کی بنا پر بھی صارفین پر 135 ارب کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔ اس حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ کر چھوڑے گی۔ اس حکومت کی بے حسی بھی بے مثال ہے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مہنگائی 6 ماہ میں کم ہو گی لیکن ان پالیسیوں کے ساتھ تو اگلے 6 سال بھی مہنگائی میں کمی نظر نہیں آتی۔بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کے باوجود گردشی قرضہ ریکارڈ 2 ہزار 3 سو ارب سے زائد ہونا سراسر نااہلی ہے۔

مہنگائی اس حکومت کے کنٹرول سے باہر ہو چکی ہے اور حکومت اس ضمن میں کوئی قدم اٹھانے پر بھی آمادہ نظر نہیں آتی۔ معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا گیا ہے مہنگائی کی ہفتہ وارمجموعی شرح 15.21 فیصد ہو چکی ہے ۔ مجموعی طور پر حکومت بجلی صارفین پر 1 ہزار 120 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام مہنگائی کی دلدل میں دھنس چکے ہیں ملک کو خارجی اور داخلی محاذ پر بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے غائب تھے۔ اس حکمران اور ان کے طرز حکمرانی نے عوام اور ملک کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں