سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائی کورٹ، نسلہ ٹاور متاثرین کو معاوضے سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست قابل سماعت ہونے پروکلاء سے دلائل طلب

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے نسلہ ٹاور متاثرین کو معاوضے سے متعلق ایم کیو ایم وکلا کو درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے تمام فیصلے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس ظفر احمد راجپوت اور جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ نے نسلہ ٹاور متاثرین کو معاوضے سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نسلہ ٹاور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔ جسٹس محمد فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کہ کس معاوضے کی بات کر رہے ہیں؟ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ہم کیا کر سکتے ہیں؟ جا کر معاوضے کی درخواست سپریم کورٹ میں چلائیں۔

وکلا نے موقف دیا کہ سپریم کورٹ سے تو نظر ثانی اپیل بھی ختم ہو چکی ہے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تو پھر یہ درخواست کیسے قابل سماعت ہوگی۔ عدالت نے ایم کیو ایم درخواست پر کئی سوالات اٹھا دیئے۔ عدالت نے ایم کیو ایم وکلا کو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے مطمئن کریں، درخواست کیسے قابل سماعت ہے۔ عدالت نے ایم کیو ایم وکلا کو سپریم کورٹ کے تمام فیصلے بھی پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر بتائیں، سپریم کورٹ نے کیا احکامات جاری کیے۔ عدالت نے سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔
٭٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں