شاہ محمود قریشی

کرتارپور راہداری کا کھلنا ایک اچھی پیش رفت ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کا کھلنا ایک اچھی پیش رفت ہے، سکھ یاتری اس راہداری سے اپنے مقدس مقامات کی زیارت کیلئے آئیں گے،کاش، ہندوستان بھی اپنے رویے پر نظر ثانی کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کر دے کہ لوگ جمعہ اور عید کی نمازوں کی ادائیگی کیلئے مساجد میں جا سکیں،ہم ایسے قوانین کے نفاذ کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے ملک میں انتخابی عمل کو شفافیت ملے، لوگوں کے حقوق کو تحفظ ملے۔

بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بھارت کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کرتارپور راہداری کا کھلنا ایک اچھی پیش رفت ہے، پاکستان نے کرونا وبا کی صورتحال کے پیش نظر صرف تین ماہ کیلئے کرتارپور راہداری کو بند کیا تھا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ہندوستان نے گذشتہ بیس ماہ سے کرتارپور راہداری پر قدغن لگا رکھی تھی، ہندوستان اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کی جانب سے بی جے پی کی حکومت پر راہداری کھولنے کیلئے بے پناہ دباؤ تھا،بالآخر ہندوستان نے ان کے مطالبے کو تسلیم کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ سکھ یاتری اس راہداری سے اپنے مقدس مقامات کی زیارت کیلئے آئیں گے۔انہوںنے کہاکہ میں حکومت پاکستان کی جانب سے، پاکستانی عوام کی جانب سے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے یہ راستہ کھولا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں جتنی بھی اقلیتیں ہیں انہیں اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کاش، ہندوستان بھی اپنے رویے پر نظر ثانی کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کر دے کہ لوگ جمعہ اور عید کی نمازوں کی ادائیگی کیلئے مساجد میں جا سکیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کاش ہندوستان وہ ماحول پیدا کر دے جو آج ہم پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم ایسے قوانین کے نفاذ کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے ملک میں انتخابی عمل کو شفافیت ملے، لوگوں کے حقوق کو تحفظ ملے،اس میں بہت سے عوامی مفاد کے قوانین شامل ہیں جن سے جمہوریت، جمہوری قدریں اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں اپنی صفوں میں موجود تمام ساتھیوں پر مکمل اعتماد ہے، اعتماد اس لیے ہے کہ انہیں ان کے حلقوں کی عوام نے ایک مینڈیٹ دیا ہے اور وہ اس مینڈیٹ کے مطابق ایک نظریے اور مقصد کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد انتخابات کو شفافیت کی طرف لے جانا ہے، جو ملک اور جمہوریت کے مفاد میں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم قانون سازی کے ذریعے عوام کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں اور یہی ایک لیجیسلیٹر کی بنیادی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی میں صرف ایک ہی گروپ ہے اور وہ ہے عمران خان کا گروپ ، انہوںنے کہاکہ عمران خان پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین ہیں جو پی ٹی آئی سے منسلک ہے وہ عمران خان اور عمران خان کے نظریے کے ساتھ منسلک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں