اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فنڈ جاری نہ کر نا بلیک میلنگ ہے ،الیکشن کے اسٹیک ہولڈرز عوام اور تمام سیاسی جماعتیں ہیں،ایسا قانون جس سے کوئی متفق نہ جو وہ نافذ نہیں ہوسکتا،پی ٹی آئی صاف شفاف الیکشن کی بات کرے تو اس سے بڑا مذاق کوئی نہیں ہوسکتا،ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں،ان کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہاکہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے بھی جلسے کیے مگر زیادہ لوگ شریک نہیں ہوئے۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ روز کابینہ اجلا س میں کہا گیا کہ ای وی ایم کو استعمال نہ کیا تو حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے پر غور کرے گی،یہ وفاقی حکومت کی بہت بڑی بلیک میلنگ ہے،الیکشن کے اسٹیک ہولڈرز عوام اور تمام سیاسی جماعتیں ہیں،ایسا قانون جس سے کوئی متفق نہ جو وہ نافذ نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کو مفلوج بنانے کی دھمکی دی جارہی ہے،پی ٹی آئی صاف شفاف الیکشن کی بات کرے تو اس سے بڑا مذاق کوئی نہیں ہوسکتا۔
انہوںنے کہا کہ ڈسکہ الیکشن، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن پی ٹی آئی کی دھاندلی کا گواہ ہے،چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں جو ہوا سب کے سامنے ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم مہنگائی کا ذمہ دار سندھ کو قرار دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم سندھ کی ان تین شوگر ملوں کا نام بتائیں جن کی کرشنگ سندھ حکومت نے رکوائی۔ انہوںنے کہاکہ پکڑنا ہے تو فخر امام کو پکڑیں جنہوں نے قومی اسمبلی کے فلور پر کہا کہ 66 لاکھ ٹن گندم کہاں گئی علم نہیں،چینی سکینڈل میں کسی ایک ایسے شخص کا نام بتائیں جو اپوزیشن سے ہو۔
انہوںنے کہاکہ کون ایسا کیا نالائق تھا جس نے بتایا کہ 16 لاکھ ٹن گندم چوری ہوئی،سندھ حکومت نے پورے سیزن میں 12 لاکھ ٹن گندم خریدیں،نالائق تو یہ سارے ہیں مگر وزیر اعظم۔کو یہ سب کون بتاتا ہے۔ سعید غنی نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں کے دس سالوں کے مقابلے میں تبدیلی سرکار تین سال میں اس سے زیادہ قرضے لے چکی ہے،اس نااہل اور نالائق حکومت کی وجہ سے عوام پریشان ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایل این جی میں ان کی کرپشن کسی سے چھپی ہوئی نہیں،یہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اور اضافہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں،کوئی ادارہ ان کی سازشوں سے محفوظ نہیں،یہ اداروں کو بنانے کے بجائے ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں،ان کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔