شیری رحمان

سینیٹر شیری رحمان کی سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کی مذمت

اسلام آباد (گلف آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ خونی جتھے ہمارے ملک کا قانون ہاتھ میں نہیں لے سکتے، واقعہ کی غیر مشروط مذمت ہونی چاہیے۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں جو ہوا وہ شرمناک اور قابل مذمت ہے، خونی جتھے ہمارے ملک کا قانون ہاتھ میں نہیں لے سکتے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی شہریوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں، اس کو تنہا جرم نا سمجھا جائے۔

شیری رحمن نے کہاکہ ہم کب اپنے فیصلے پختے کرینگے؟ اس واقعہ کی غیر مشروط مذمت ہونی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ اس قتل کی ڈھکے چھپے الفاظ میں مذمت نہیں ہونی چاہئے، یہ انسانیت کا قتل ہے، ان کی کھلے الفاظ میں مذمت کریں۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعہ کے بعد دنیا پاکستان پر انگلیاں اٹھا رہی ہے، بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کے نتائج خطرناک ہونگے۔

انہوںنے کہاکہ مذہب کا غلط استعمال اب عروج پر پہنچ گیا ہے، انتہاپسندی سے نمٹنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان اتفاق رائے سے پیدا کیا گیا تھا، نیشنل ایکشن پلان کو کیوں سپردہ خاک کیا گیا ہے؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں