ہمایوں اخترخان

حکومت پی ڈی ایم کی لانگ مارچ کی سیاسی بڑھک سے ہرگز پریشان نہیں ‘ہمایوں اخترخان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت پی ڈی ایم کی لانگ مارچ کی سیاسی بڑھک سے ہرگز پریشان نہیں ہے ، اپوزیشن جماعتوں کو معلوم ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت کرے گی اس لئے انہوں نے احتجاج کے نام پر اصل میں آئندہ عام انتخابات کی سر گرمیاں شروع کر رکھی ہیں اوریہ ان کا حق ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیںآپس میں دست و گریبان ہے ،مسلم لیگ (ن) کے اندر قیادت کی جنگ عروج پر ہے ،یہ واضح ہے کہ پی ڈی ایم یا پیپلز پارٹی حکومت کیلئے ہرگزکوئی چیلنج نہیںبلکہ ہماری توجہ معیشت کو درست اورمہنگائی کو کم کرنے پر مرکوز ہے ۔

ہمایوں اخترخان نے کہاکہ حکومت جس طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے قوی امید ہے کہ مہنگائی کی شرح بتدریج نیچے آئے گی ، اس کے ساتھ ساتھ حکومت غریب طبقات کی مدد اورانہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے بہت سے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اپنے قیام سے آج تک مشکلات کا شکارہے اورجس بیانیے پر اس کی بنیاد رکھی گئی اسے پذیرائی نہ ملنے کی وجہ سے اس کی سیاسی حالت بہت پرپتلی ہے ،اپوزیشن جماعتیںعام انتخابات تک وقت گزاری کیلئے پہلے آپ پہلے آپ کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں اور یہ اصل میں فیس سیونگ کا طریقہ بھی ہے ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں