وزیر اطلاعات

اس وقت اگر پی ٹی آئی کمزور ہوئی تو ملک بھیڑیوں کے ہاتھ لگ جائے گا،فواد چوہدری

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اس وقت اگر پی ٹی آئی کمزور ہوئی تو ملک بھیڑیوں کے ہاتھ لگ جائے گا،پی ٹی آئی کی لیڈر شپ اور کارکنان اس صورتحال میں ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈالیں اور عمران خان کی قیادت میں خود کو منظم کریں،(ن )لیگ نے اپنے پانچ سالوں میں 27 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کیں،تحریک انصاف کے پانچ سالوں میں مجموعی طور پر قرضوں کی ادائیگیاں تقریباً 55 ارب ڈالر ہوں گی ۔

اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ صرف اس سال غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی 12.27 ارب ڈالر ہے اور تقریباً 12.5 ارب ڈالر کی ادائیگی 2023ء میں کرنی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے پانچ سالوں میں مجموعی طور پر قرضوں کی ادائیگیاں تقریباً 55 ارب ڈالر ہوں گی جبکہ ن لیگ نے اپنے پانچ سالوں میں 27 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کیں۔

چوہدری فواد حسین نے رانا عمران سلیم کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہاکہ اگر جے یو آئی جیسی شدت پسند جماعتیں پی ٹی آئی کا متبادل ہیں تو واقعی آپ کی بات درست ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ اور کارکنان اس صورتحال میں ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈالیں اور عمران خان کی قیادت میں خود کو منظم کریں،اس وقت اگر پی ٹی آئی کمزور ہوئی تو ملک بھیڑیوں کے ہاتھ لگ جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں