فواد چوہدری

آصف زرداری نے اپنے قد سے بڑی بڑھکیں مارنی شروع کردی ہیں’ فواد چوہدری

لاہو( گلف آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے اپنے قد سے بڑی بڑھکیں مارنی شروع کردی ہیں،جب آپ کو عدالت جانا ہوتا ہے تو وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں، جب ضمانت ملتی ہے سانس لیتے ہیں تو قد سے زیادہ بڑی بھڑکیں مارنے لگتے ہیں،سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی بنائے گی، یہ اسلام آباد آنے کی بات کرتے ہیں، اسلام آباد کے چکر میں یہ لاڑکانہ اور نواب شاہ جانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے،نواز شریف اور زرداری نے قرضے لے کر ملک کا بیڑہ غرق کیا، ہم ان کے لئے ہوئے قرضے اتار رہے ہیں،مریم نواز خیبرپختونخوا ہ میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں،خیبر پختوانخواہ سے مسلم لیگ (ن)فارغ ہو گئی ہے کسی نے انہیں ووٹ نہیں ڈالا،نام نہاد بڑی جماعتوں کی سیاست صرف ٹی وی کے سہارے چل رہی ہے، اگر ان کی ٹی وی کوریج بند کر دیں تو یہ ختم ہو جائیں۔

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ چھوٹے چھوٹے سیاسی بونوں سے ہے، یہ پراپیگنڈہ کریں گے کہ مہنگائی ہو گئی، لٹ گئے مر گئے لیکن ان کے پاس عمران خان کے قد کا آدمی نہیں ہے۔نواز شریف باقی زندگی پارک لین میں اور زرداری دبئی میں گزاریں گے، آج پیپلزپارٹی کے پاس پنجاب میں امیدوار نہیں ہے، ان کی سیاست صرف مہنگائی کے خلاف پراپیگنڈاکرنے تک رہ گئی ہے، 3 سال ہوگئے زرداری صاحب سندھ کیلئے پلان کب لائیں گے؟، نواز شریف اور آصف زرداری جلد وہیل چیئر پر نظر آئیں گے،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا خیبر پختونخوا ہ کے بلدیاتی انتخابات میں صفایا ہو گیا ہے، مریم نواز کو اپنے کارکنوں کے پاس جا کر انہیں حوصلہ دینا چاہئے تھا۔ انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، اگلی حکومت بھی انشااللہ پی ٹی آئی ہی بنائے گی،تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کورونا وباء سے کامیابی سے نمٹنے میں کامیاب ہوا، زراعت پر حکومت نے خصوصی توجہ دی، زراعت کے شعبے پر توجہ دینے سے 5 فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، چاول، گندم، مکئی کی تاریخی پیداوار ہوئیں، کپاس کی پیداوار میں 44 فیصد اضافہ ہوا، زرعی شعبہ میں 1100 ارب روپے اضافی گئے، پاکستان میں کاروں، موٹر سائیکلوں، زرعی ادویات کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے، پاکستان کی عمومی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں منگلا اور تربیلا کے علاوہ کوئی ڈیم نہیں بنایا گیا، ہم نے ڈیموں کی تعمیر پر کام شروع کیا، ڈیموں کی تعمیر سے پانی کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا اس وقت ملک میں دو لاکھ کمپنیاں موجود ہیں، ایک لاکھ ستاون ہزار کمپنیاں صرف پچھلے اڑھائی سال میں بنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف جیسے لوگوں نے قرضے لے کر معیشت کا بیڑہ غرق کیا ،ہم ان کے لئے ہوئے قرضے ادارے کر رہے ہیں،پانچ سالوں میں ہم نے 55 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے، پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں ،اوورسیز پاکستانیوں کا اپنے وطن کے لئے جذبہ قابل تحسین ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ایک مستحکم ملک بننے جا رہا ہے۔
٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں