سعودی وزیر خارجہ

سوڈان کی وحدت اور استحکام کے خواہاں ہیں، سعودی وزیر خارجہ

ریاض (گلف آن لائن)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک سوڈان کے استحکام اور وحدت کا شدید خواہاں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ موقف سعودی وزیر خارجہ کے سوڈانی خود مختار کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان اور وزیر اعظم ڈاکٹر عبداللہ حمدوک سے دو علاحدہ ٹیلیفونی رابطوں میں سامنے آیا۔شہزادہ فیصل نے زور دیا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ سوڈان میں جلد از جلد نئی حکومت کی تشکیل عمل میں آئے اور عسکری اور شہری عناصر کے درمیان ہم آہنگی یقینی بنائی جائے۔

اس سے قبل سوڈان میں عبوری خود مختار کونسل یہ اعلان کر چکی ہے کہ آئندہ انتخابات کے واسطے عملی اقدامات آئندہ جنوری سے شروع ہوں گے اور ان کا اختتام جولائی 2023 میں ہو گا۔واضح رہے کہ 21 نومبر کو عبدالفتاح البرہان کے ساتھ سیاسی معاہدے کے تحت وزیر اعظم کے منصب پر واپس آنے والے عبداللہ حمدوک کو نئی حکومت تشکیل دینے میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے۔ملک میں موجودہ حکومت کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک دیکھی جا رہی ہے اور انتخابی عمل کے فائدے مند ہونے کے حوالے سے وسیع بحث چھڑی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں