روہنگیا مسلمانوں

انڈونیشیا نے بالآخر روہنگیا مسلمانوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی

جکارتہ (گلف آن لائن)انڈونیشیا نے بالآخر روہنگیا مسلمانوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی،میڈیارپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کی حکومت نے 120 روہنگیا مسلمانوں کے ایک گروپ کو بتایا کہ انہیں ملک میں پناہ لینے کی اجازت دی جائے گی۔ ابتدائی طور پر حکومت نے سمندر میں پھنسی ہوئی ان کی کشتی کو ملک میں داخل ہونے سے منع کر دیا تھا۔انڈونیشیا کی سیاسی، قانونی اور سیکورٹی امور کی وزارت کے ایک اہلکار وجایا نے کہاکہ انڈونیشیا کی حکومت نے انسانیت کے نام پر، فی الوقت آچے میں بیریئون ضلع کے پاس ایک کشتی پر سوار پناہ کے متلاشی روہنگیا افراد کو پناہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے مسافروں میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں۔ انڈونیشیا کے حکام نے پہلے کہا کہ وہ روہنگیا کی اس کشتی کو بین الاقوامی پانیوں میں پیچھے دھکیل دیں گے تاہم جب ماہی گیروں کی جانب سے بنائی گئیں اس کشتی کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو عوام میں ان کے تئیں ہمدردی کاجذبہ پیدا ہوا اور حکام پر انہیں بچانے کا دبا بڑھا۔انڈونیشیا میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ اس کا سہرا آچے کے ماہی گیروں کے سر ہے جنہوں نے سخت محنت کے ساتھ ہی خطرات مول لیے تاکہ ان بچوں، خواتین اور مردوں کو ساحل تک لایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں