محمد میاں سومرو

73سال گزرنے کے باوجود بھارت طاقت کے زور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جذبہ آزادی نہیں چھین سکا،محمد میاں سومرو

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر نجکاری وسرپرست اعلی یوتھ فورم برائے کشمیر محمد میاں سومرو نے کہاہے کہ 73سال گزرنے کے باوجود بھارت طاقت کے زور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جذبہ آزادی نہیں چھین سکا،اقوام متحدہ جموں و کشمیر میں آزادانہ رائے شماری کی اپنی قرارداد پر عمل کروائے،دنیا بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں عمل کروانے کیلئے اثر و رسوخ استعمال کرے۔ 5 جنوری یوم حق خود ارادیت کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہاکہ اقوام متحدہ جموں و کشمیر میں آزادانہ رائے شماری کی اپنی قرارداد پر عمل کروائے۔

انہوںنے کہاکہ پوری قوم 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ میں پیش کی گئی تاریخی قرارداد کی یاد میں یوم حق خود ارادیت منا رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ دنیا بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں عمل کروانے کیلئے اثر و رسوخ استعمال کرے۔انہوںنے کہاکہ 73سال گزرنے کے باوجود بھارت طاقت کے زور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا جذبہ آزادی نہیں چھین سکا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارتی افواج مسلسل عالمی جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نہتے کشمیریوں کا قتل’ خواتین کی بیحرمتی ‘مذہبی ‘سیاسی اور معاشرتی امور پر پابندی بھارتی افواج کے سیاہ کارنامے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 5 اگست 2019 کو غیرقانونی اقدام سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کی۔ انہوںنے کہاکہ خصوصی اہمیت کو ختم کرنے کا مقصد کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانا تھا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کا معاملہ عالمی سطح پر اجاگر کیا،پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہر طرح سے اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں