شیخ حبیب

قوت خرید میں کمی سے کاروبار میں 60فیصد کمی ہوگئی ‘ شیخ حبیب

کراچی (گلف آن لائن) الیکٹرونس اینڈ موٹر سائیکل ڈیلرز الائنس اور کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے کہا ہے کہ پوائنٹ آف سیل کا نفاذ صرف انہی دکانداروں پر کیا جائے جو ملٹی نیشنل کمپنیوں کا مال فروخت کرتے ہیں ، ملکی اور لوکل مصنوعات فروخت کرنے والے دکانداروں پر پی او ایس کا نفاذ کسی صورت درست نہیں ہے اس سے ہماری لوکل صنعت وتجارت تباہ ہوکر رہ جائے گی جس کا سب سے زیادہ نقصان ملکی معیشت کو ہوگا اور بے روزگاری بڑھے گی، پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں ،قوت خرید میں کمی کی وجہ سے کاروبار میں 60فیصد کمی ہوگئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی الیکٹرونکس اینڈ موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن(کیڈا) کے سابق صدر عبدالوحید میمن سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفدمیں نعیم قریشی ، سعید قریشی، محمد ندیم اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے ایف بی آر کی جانب سے تاجر برادری کو پریشان کرنے اور منفی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شیخ حبیب نے مزید کہا کہ ایف بی آر نے کراچی میں تاجر برادری کے لیے کاروبار کرنا مشکل بنادیا ہے ، ملک کوسب سے زیاد ہ ریونیو دینے والے شہر کو چاروں صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹیکس کے نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں،ایف بی آر اس حوالے سے اپنا قبلا درست کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پوائنٹ آف سیل کا نفاذ اسی جگہ ہوگا جہان ملٹی نیشنل برانڈ فروخت ہوتے ہیں اور کسی لوکل مالز میں پی او ایس کا نفاذ نہیں کیا جائے گا، اس کے باوجود ایف بی آر کی جانب سے لوکل مال کو نوٹس جاری کیے جاریے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے ایف بی آر کے وعدوں اور اقدامات میں فرق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں ،قوت خرید میں کمی کی وجہ سے کاروبار میں 60فیصد کمی ہوگئی ہے ، اس پر ایف بی آر کی جانب سے جو صورتحال پیدا کردی گئی ہے اس کی وجہ سے تاجر برادری خوف میں ہے ۔ شیخ حبیب نے کہا کہ اس قسم کے حالات تاجر برادری کو احتجاج کی طرف لے کر جائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں