حمزہ شہباز

مشکل وقت میں پارٹی کیلئے کام کرنے والے کارکنوں کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے’رانا ثناء اللہ’حمزہ شہباز

سرگودھا(گلف آن لائن) مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور راہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وہ مشکل وقت میں پارٹی کیلئے کام کرنے والے کارکنوں کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے۔

موجودہ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا ہوا ہے اس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی جو کارکن پارٹی کیلئے آواز اٹھاتا ہے اس کیخلاف پی ٹی آئی کی حکومت انتقامی کارروائیاں شروع کر دیتی ہے لیکن مسلم لیگ کے متوالے انتقامی کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں۔

انہیں جتنا دبایا جائے گا وہ ملکی سیاست میں اتنا ہی ابھر کر سامنے آئیں گے۔زرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ اور راہنما حمزہ شہباز شریف نے ایک تقریب میں ڈسٹرکٹ بار سرگودھا کے سابق صدرسردار عنصر عباس بلوچ کو مسلم لیگ نون لائرزونگ پنجاب کا چیف کوارڈی نیٹر نامزد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مسلم لیگ کی قیادت اور کارکنوں کیخلاف جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے تو مسلم لیگ کے وکلائ ہر سطح پر قیادت اور کارکنوں کیخلاف بنائے جانے والے مقدمات کی بھرپور پیروی کر رہے ہیں اور حکومت کے بنائے ہوئے جھوٹے مقدمات کا پول کھول رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور حمزہ شہباز شریف نے سردار عنصر بلوچ کی مسلم لیگ نون کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار عنصر بلوچ جیسے کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں۔

جن کی گراں قدر خدمات کی بدولت انہیں مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ پنجاب کا چیف کوارڈی نیٹر مقرر کیا گیا۔اس موقع پر سردار عنصر بلوچ نے محمد شہباز نٹھڑ کو مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ سرگودھا ڈویڑن کا صدر اور منظور احمد خان ایڈووکیٹ کو ڈویڑنل جنرل سیکرٹری نامزد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کی بارز میں جلد مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ کی تنظیم کو مزید منظم کیا جائے گا۔

سردار عنصر بلوچ نے کہا کہ وہ ملک میں آئین پاکستان، قانون اور رول آف لاء کی پاسداری کیلئے کام کریں گے، عوام کو مہنگائی کی چکی سے بچانے کیلئے وکلاء جلد پنجاب بھر میں آگاہی مہم کا آغاز کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں