دفتر خارجہ

شاہ محمود قریشی کو یورپی یونین کے نمائندے کا ٹیلی فون ،موجودہ صورتحال اور جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال

اسلام آباد(گلف آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یورپین کمیشن کے نائب صدر اور خارجہ امور وسکیورٹی پالیسی کے لئے یورپی یونین کے اعلی نمائندے جوزف بورئیل نے ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنمائوں نے یوکرین کی موجودہ صورتحال اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے حوالہ دیا کہ وزیراعظم عمران خان روس اور یوکرین کے درمیان حالیہ صورتحال پر افسوس کرتے ہوئے پاکستان کی اس امید کا اظہار کرچکے ہیں کہ سفارت کاری فوجی تنازعہ سے بچا سکتی ہے، ترقی پزیر ممالک پر تنازعات کے مضراثرات کو بیان کرتے ہوئے وزیراعظم سفارتی حل کی اہمیت پر زور دے چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وقوع پزیر حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے یورپی یونین کے اعلی نمائندے کو پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا جو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کے فروغ پر استوار ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے ازسرنو آغاز، بات چیت اور سفارت کاری جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کثیرالقومی متعلقہ معاہدات، عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق حل کی اہمیت پر زور دیا۔ بورئیل نے صورتحال پر اپنے نکتہ نظرکو بیان کرتے ہوئے عالمی امن وسلامتی اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سفارتی حل تلاش کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور اعلی نمائندے بورئیل نے رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں