ہمایوں اخترخان

وزیر اعظم نے اپنے اقتدار کی بجائے قوم کا آج اور کل سنوارنے کیلئے انتہائی مشکل فیصلے کئے’ ہمایوں اخترخان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ معیشت میں استحکام آتے ہی حکومت نے بغیر کسی تاخیر کے وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑ دیا ہے اور ان شا اللہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی ،وزیر اعظم عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے ذریعے اپنے اقتدار کے پانچ سالوں کا نہیں سوچا بلکہ قوم کا آج اور کل سنوارنے کیلئے انتہائی مشکل فیصلے کئے جن کے دورس نتائج برآمد ہوں گے ،اپوزیشن کوئی ایجنڈا نہ ہونے اوربے سمت سیاست کی وجہ سے مایوس ہو کر گھروں میں بیٹھ جانے والے اپنے لوگوںکو واپس لانے کیلئے سیاسی بڑھکیں لگارہی ہے جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جن حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی اس سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ پوری دنیا واقف ہے ، کورونا وباء کی اوپر نیچے آنے والی لہروں کے باوجود صرف ساڑھے تین سال کے قلیل عرصے میں معیشت کو سنبھالا دینے کے ساتھ مثبت پیشرفت کرنے پر پوری دنیا وزیر اعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے اور عالمی ادارے اپنی رپورٹس میں اس کا بر ملا اظہار کر رہے ہیں۔دعویٰ ہے جس دن اپوزیشن بھی اپنی آنکھوں سے وزیر اعظم عمران خان سے بغض کی پٹی اتارے گی اسے آگے بڑھتا اور ترقی کرتا ہوا پاکستان نظر آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں 10روپے لیٹر اوربجلی کے یونٹ میں 5روپے کمی کا تاریخی اعلان کیا جس سے مہنگائی میں بتدریج کمی آنا شروع ہو جائے گی اور ان شا اللہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی ۔

انہوںنے کہا کہ جیسے جیسے پاکستان کی معیشت بحال اورعوام کی زندگیوں میں خوشحالی آرہی ہے اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوب رہی ہے اس لئے ان کی بے چینی بلا وجہ نہیں ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں