بابر اعوان

تحریک عدم اعتماد کے دن حکومتی اور اتحادی اراکین اسمبلی ایوان میں موجود نہیں ہوں گے، بابر اعوان

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے دن پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی ایوان میں موجود نہیں ہوں گے۔

ایک انٹرویو میں بابر اعوان نے کہا کہ اجلاس میں صرف قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر ہی موجود ہوں گے، میرا ووٹ نہیں ہے اس لیے میں بھی جاؤں گا۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے اجلاس معمول سے ہٹ کر کسی اور جگہ بلائے جانے کا امکان ہے کیونکہ جس ایوان میں اجلاس ہوتے ہیں اس کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔انہوں نے اپوزیشن کے عدم اعتماد کے اقدام کے پیچھے غیرملکی ہاتھ کا عندیا دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے بائیڈن کو مدد کے لیے بلایا ہے اور اس صورتحال میں اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ ایجنڈا کہاں سے چلایا جا رہا ہے اور کہاں سے حمایت کی جا رہی ہے، ایک منتخب وزیر اعظم کو ہٹانے کے لیے مغرب سے مدد مانگی جا رہی ہے۔

بابر اعوان نے حال ہی میں منعقدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران یورپی یونین ممالک کی جانب سے پاکستان سے روس کے خلاف ووٹ دینے کے مطالبے کو تنقید کا نشانہ بنانے پر وزیر اعظم عمران خان کا دفاع بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں سفارتکاروں کی اس طرح کی حرکت کی کوئی مثال نہیں ملتی۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے ایک سینیٹر نے تو ایوان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد بھی جمع کرائی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی مشن کی بے عزتی کیوں کی لہٰذا ایجنڈا واضح ہے۔تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے قومی اسمبلی میں ووٹوں کی مناسب تعداد کے اپوزیشن کے دعوے پر بابر اعوان نے ماضی کی مثالوں کا حوالہ دیا جہاں حکومت نے پارلیمانی ووٹوں میں اپوزیشن کو شکست دی تھی کیونکہ حکومت کو ‘نمبر گیم’ میں برتری حاصل ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے پاس 189 ووٹ ہیں اور اپوزیشن کے پاس 162 ووٹ ہیں، ہمارے کارڈز ہمارے پاس ہیں اور اپوزیشن کو ناکام بنانے کے لیے ہیٹ ٹرک کی تیاری مکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو اپوزیشن بلا رہی ہے اور جو لوگ ٹیلی ویڑن پر تقریر اور اپنی تحریروں کے ذریعے اپوزیشن کو سپورٹ کرنے کا ماحول بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کا ان اپوزیشن کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں