پی ڈی ایم

اپوزیشن نے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات مان لئے، کل اعلان متوقع

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کیلئے اپوزیشن نے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات مان لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کی حمایت کے لیے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات مان لئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری ایم کیو ایم کو سندھ حکومت کا حصہ بنانے کو تیار ہیں،تحریری معاہدہ کرنے سے متعلق ایم کیو ایم کا مطالبہ بھی تسلیم کرلیا گیا ہے۔پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان مجوزہ معاہدے کی ضامن مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) ہوں گی۔ذرائع کے مطابق دیہی اور شہری سندھ سے متعلق ایم کیو ایم کے مطالبات پر عمل ہوگا، مرکز اور صوبے کی حکومتوں میں ایم کیو ایم بھی حصہ دار ہو گی، اس کے علاوہ گورنر سندھ کا عہدہ ایم کیو ایم کو دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے تمام مطالبات کی منظوری سے متعلق معاملات طے پانے کے بعد حکومت میں رہنے یا نہ رہنے سے متعلق ایم کیو ایم کا بھی پیر کو بڑا اعلان متوقع ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم بطور خاص کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز آئے تھے اور سیاسی معاملات پر گفت و شنید کی گئی تھی۔وزیر اعظم کے دورے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں پہلے مسلم لیگ (ق) کی قیادت اور پھر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں