تحریک عدم اعتماد میں جیت ہو یا ہار، فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا، شیخ رشید

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان عوام میں پہلے سے زیادہ مقبولیت حاصل کرچکے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر حکومت جیتے یا ہارے اس سے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا ، مولانا فضل الرحمن جو زبان استعمال کر رہے ہیں اس سے ملک میں خانہ جنگی اور انارکی پیدا ہوئی تو قیمت آپ کو ادا کرنی ہوگی،جلسہ ضرور کریں ،کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نکل جائے گی مولانا آپ دھر لیے جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کا احترام کرتے ہیں آپ دین کے رہنما ہیں تاہم جو زبان آپ استعمال کر رہے ہیں اس سے اگر ملک میں خانہ جنگی اور انارکی پیدا ہوئی تو اس کی قیمت آپ کو ادا کرنی ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کا ہی ہوگا، عمران خان انشااللہ جیتیں گے، عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں 3 ماہ سے کہہ رہا ہوں اپوزیشن 23 کو نہیں 25 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گی، آپ ہماری انتظامیہ سے بات کریں وہ آپ کو محفوظ راستے فراہم کرتے ہوئے مکمل سیکیورٹی دیگی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے پہلے بھی جلسہ کیا تھا، اگر آپ بھی 27 مارچ کو جلسہ کرنا چاہتے ہیں تو کریں، کوئی فرق نہیں پڑتا، لیکن کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرنا وزارت داخلہ کا کام ہے اور ہم یہ کام کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کئی بار کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کو اندورنی و بیرونی خطرات ہیں اور سیکیورٹی خدشات کو دیکھنا صرف حکومت کا ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کا کام بھی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ عدم اعتماد ملک کو جمہوری عدم استحکام اور عدم اطمینان کی طرف منتقل کردے۔

بات جاری رکھتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ایسا ہوا تو اس کی سزا آپ (اپوزیشن) کو ملے گی، آپ 10 سال تک چوکوں پر اذانیں دیں گے آپ کی بات نہیں سنی جائے گی، پاکستان قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے، پاکستان کی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے باصلاحیت ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، ہم آپ کو چھیڑیں گے نہ آپ قانون کو چھیڑیں گے، اگر آپ قانون کو چھیڑیں گے تو ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے، چاہے اس کا نتیجہ کچھ بھی نکلے۔تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اتحادیوں سے مذاکرات سے متعلق ایک سوال کے جواب پر انہوںنے کہاکہ اتحادی جماعتوں سے پرویز خٹک ان کے بھائی لیاقت خٹک اور اسد عمر بات کر رہے ہیں، میرا مذاکرات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ان اتحادیوں سے عمران خان کا ساتھ دینے کی درخواست ضرور کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ 25 مارچ سے سیاست کھل کر سامنے آجائے گی، اتحادیوں کا بھی علم ہوجائے گا کہ کون حکومت کے ساتھ ہے اور اس وقت عمران خان کی مقبولیت کا نیا دور بھی شروع ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ میں یہ بات حلفاً کہنے کو تیار ہوں کہ عمران خان پچھلے تین ہفتوں میں عوام میں زیادہ مقبول ہوئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ پورا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے اور تحریک عدم اعتماد کے نتائج پر یہ بات سب کو معلوم ہوجائے گی، میں سیاسی بصیرت میں عمران خان کو جیتتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں