وزیر خارجہ

اپوزیشن برملا ہارس ٹریدنگ کا اعتراف کر رہی ہے ، الیکشن کمیشن نوٹس لے ،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن برملا ہارس ٹریدنگ کا اعتراف کر رہی ہے ، الیکشن کمیشن نوٹس لے ،پیپلزپارٹی جمہوریت کی علمبردار بن کر جمہوریت کو نقصان پہنچارہی ہے، ضمیر بچنے والے ارکان اسمبلی کو کوئی روک نہیں سکتا۔ اپنے بیا ن میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں الیکشن کمیشن سے مودبانہ عرض کروں گا کہ اس کا نوٹس لے ۔

انہوںنے کہاکہ ہر منتخب نمائندے کو ووٹرز کا احساس ہوتا ہے، ضمیر بچنے والے ارکان اسمبلی کو کوئی روک نہیں سکتا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہر منتخب نمائندہ محترم ہے وہ لاکھوں لوگوں کی نمایندگی کرتا ہے، پیپلزپارٹی جمہوریت کی علمبردار بن کر جمہوریت کو نقصان پہنچارہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اپوزیشن کا نہ جھنڈا ایک، نہ نظریہ اور نہ ایجنڈا ایک ہے، اپوزیشن کا یک نکاتی ایجنڈا، صرف وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جتنا نقصان جمہوریت کو آج ہورہاہے تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، میری نظرمیں چودھری برادران بڑے وضع دار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وہ مناسب وقت پر، درست فیصلہ کریں گے، ابھی دیکھنا ہے کہ عدم اعتماد کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتاہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اس وقت غیر یقینی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنے اتحادیوں سمیت سب سے ملاقاتیں کررہے ہیں،ایم کیو ایم ہمارے محترم اتحادی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے ساڑھے تین سال سے وہ ہمارا بھرپور ساتھ دیتے آ رہے ہیں ، میں ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ مسلسل پندرہ سال سے جو سلوک پیپلز پارٹی کر رہی ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، بلاول ابھی بچہ ہے اور ناسمجھ ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کی کاوشوں سے 15مارچ اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن مقرر ہوا، اقوام متحدہ نے اوآئی سی کی طرف سے بھیجی گئی پاکستان کی قرارداد منظور کی۔ انہوںنے کہاکہ میں وزیر اعظم عمران خان صاحب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں ہمارے مستقل مندوب ایمبیسڈر منیر اکرم اور وزارتِ خارجہ کی کاوشوں کو سراہا، اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن مقررہونے پر پوری قوم کو مبارک بادپیش کرتاہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں