سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا

اسلام آباد (گلف آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ، 2022 بروز جمعہ المبارک دن 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس آئین کی شق 54(3) اور شق 254کے تحت تفویض اختیارات کو بروے کار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔

اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے،اجلاس موجودہ قومی اسمبلی کا 41 واں اجلاس ہو گا۔یاد رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب بلائے جانے کے لیے 14 روز کی آئینی مدت 21 مارچ کو ختم ہو رہی ہے تاہم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ او آئی سی اجلاس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں مرحوم ایم این اے کی دعائے مغفرت کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے بعد اجلاس کو آگے بڑھانے کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے۔خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ اگر اسپیکر نے قومی اسمبلی کے 21 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے نہ بڑھائی تو ہم قومی اسمبلی میں ہی دھرنا دے دیں گے۔اپوزیشن کے اس بیان کے بعد وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 کے بجائے 25 مارچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں