عبد القادر مندوخیل

سندھ ہاؤس پر شیخ رشید کی ہدایات پر حملہ ہوا ،ہم اپنے بچوں کو بچانے کیلئے خود سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کے سامنے کھڑے ہوگئے،قادر مندو خیل

اسلام آباد (گلف آن لائن)پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبد القادر مندوخیل کہا ہے کہ سندھ ہاؤس پر وفاقی وزیر شیخ رشید کی ہدایات پر حملہ ہوا اور ہم اپنے بچوں کو بچانے کے لیے خود سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کے سامنے کھڑے ہوگئے،تحریک انصاف کے دونوں ممبر قومی اسمبلی کو شیخ رشید نے کارکنان فراہم کیے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے سپریم کورٹ میں 15 گرفتاریوں کی جھوٹی رپورٹ جمع کروائی ہے۔

اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ایڈووکیٹ جنرل نے سپریم کورٹ میں کہا کہ آج نہیں کل گرفتاریاں کریں گے،میں نے توہین عدالت اور ہراساں کئے جانے کی درخواست عدالت میں جمع کروائی ہے۔ میرا مطالبہ ہے پرویز خٹک اور عمران خان کا نام دہشت گرد عناصر میں ڈالا جائے،ہمیں گورنر ہاوس کراچی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گھروں کا علم ہے تاہم قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے۔

انہوںنے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے 177 ارکان ہوگئے ہیں، چور وزیروں کے گینگ کو قومی اسمبلی سے باہر نکالیں گے۔ حکومت اور عمران خان کو عزت کا خیال ہے تو آج ہی استعفیٰ دے دیں،ہم ایمپائر اور گیٹ نمبر 4 کی بات نہیں کریں گے جو عمران خان کرتے رہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں کون دھمکی دینے کیلئے خط لکھے گا؟ وہ ماضی میں پیپلز پارٹی کی وکٹیں گراتے تھے اور آج انہیں لوٹا بنا دیا، عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے باہر نکلیں گے تو کئی کرپشن کیسز سامنے آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں