شہباز شریف کا تحریک عدم اعتماد کے روزفول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(گلف آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے 3اپریل کوفول پروف سیکورٹی دینے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے دن پی ٹی آئی کے ایک لاکھ سپورٹر پہنچیں گے، اپوزیشن ارکان کی سیکورٹی بڑھائی جائے، سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اورپولیس آئین اورقانون کے مطابق فرائض انجام دے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم کے ووٹنگ والے دن ایک لاکھ پی ٹی آئی ورکرز لانے کا بھی حوالہ دیا اور کہا ایم این ایز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو آئین اور قانون کے مطابق فرائض سر انجام دے، شہباز شریف نے نئے وزیراعظم کے انتخابات والے دن بھی فل پروف سیکیورٹی کا مطالبہ کیا ،اپوزیشن لیڈر نے خط کی کاپی کمشنر اسلام آباد، ڈی سی اور آئی جی کو بھی ارسال کر دی۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ تمام ارکان قومی اسمبلی کو تحفظ فراہم کرنا آپ کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، خط میں وزیراعظم کی جانب سے اسمبلی کے باہر ایک لاکھ حامیوں کو اکٹھا کرنے کے بیان کا بھی حوالہ دیا گیا ہے،تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے آنے والے ارکان قومی اسمبلی کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے،ریڈ زون میں عوامی اجتماع دفعہ 144 اور سپریم کورٹ کو اٹارنی جنرل کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانی کی خلاف ورزی ہوگا،ایسا عوامی اجتماع دیگر جماعتوں کو اپنے حامیوں کو اکٹھا کرنے کے حوالے سے اشتعال دلائے گا۔

مختلف سیاسی جماعتوں کے اجتماعات سے ٹکراﺅ اور خونریزی کا خدشہ ہوگا، اگر کوئی حادثہ ہوا تواس کی ذمہ دار اسلام آباد انتظامیہ ہوگئی ،غفلت کی صورت میں اسلام آباد انتظامیہ کا احتساب کیا جائے گا، عدم اعتماد کے ووٹ کے لیے جانے والے ارکان قومی اسمبلءکو بلا روک ٹوک اور محفوظ راستے کی فراہمی کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں ،تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر بھی ارکان کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں