مجرموں کا ای سی ایل سے اپنے نام خود نکالنا قوم کے ساتھ بدترین مذاق ہے،حلیم عادل شیخ

کراچی(گلف آن لائن)اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ نئی حکومت نے 150 افراد کا نام ای سی ایل سے نکال دیا ہے، مجرموں کا ای سی ایل سے اپنے نام خود نکالنا قوم کیساتھ بدترین مذاق ہے۔وزارت داخلہ نے گزشتہ روز ای سی ایل سے درجنوں نام نکالے گئے، وزارت داخلہ میں لسٹوں کی چھانٹی جاری ہے۔

4 ماہ تک رہنے والے تمام نام ای سی ایل سے نکال دیے جائیں گے۔ای سی ایل معاملے پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ شب 150 کرمنلز موسٹ وانٹڈ کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا، نیب اور ایف آئی اے کو مطلوب ایسے لوگوں کے نام نکالے گئے جن پر اربوں روپے کے ڈاکے ڈالنے کا الزام ہے۔ ای سی ایل میں ان کے نام اس لئے ڈالے گئے تھے کہ کہیں یہ غریب عوام کا پیسہ لیکر باہر بھاگ نہ جائیں۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ نے رانا ثنا اللہ کا نام ای سی ایل سے نکال دیا، جنہوں نے ملک کو لوٹا وہ ڈاکو آزاد ہوگئے۔ اہل وطن کو مخاطب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہاکہ پاکستانیو، یہ این آر او لیا اور دیا جارہا ہے، اب یہ نیب کو ختم کرکے پاکستان سے بھاگ جائیں گے، قوم ان ہتھکنڈوں کو پہچانے، یہ تماشہ ناقابل قبول ہے، عمران خان نے دوبارہ آنا ہے اس لیے یہ پہلے سے بھاگ رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں