ہمایوں اخترخان

ہر پاکستانی کو منحرف اراکین کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں ‘ ہمایوں اخترخان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ صر ف تحریک انصاف کو ہی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کو منحرف اراکین کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں ،اس فیصلے سے ہارس ٹریڈنگ اور اس کا حصہ بننے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے جو کسی بھی طرح جمہوریت کیلئے فائدہ مند نہیں،ایک سیاسی جماعت کی قیادت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے گمراہ ہونے کے الفاظ قطعی غیر مناسب ہیں جنہیں واپس لیا جاناچاہیے ،اوورسیز پاکستانیوںکی ترسیلات زرسے پاکستان چلتاہے اوریہ کہنا کہ یہ طبقہ پاکستان کے زمینی حقائق اورحالات سے لا علم ہے اچنبھے کی بات ہے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی جدوجہد کا مقصد ہی دہائیوں کے بیگاڑ پر مبنی نظام کی اصلاح کرنا ہے کیونکہ اس کے بغیر پاکستان کبھی بھی مہذب اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل نہیں ہو سکتا ۔ پوری قوم نے سندھ ہائوس میں منڈی لگتی دیکھی اور اس اقدام پر انصاف کے متعلقہ ادارے الیکشن کمیشن نے جوفیصلہ دیا ہے اس پر ہر ذی شعور سوال اٹھا رہا ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوںکو جمہوریت کی مضبوطی کیلئے چھانگا مانگا اورسندھ ہائوس طرز سیاست کی نفی کرنا ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوںنے تمام سیاسی جماعتوں کے ادوار دیکھ کر عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔

اگر کوئی سیاسی جماعت اوورسیز پاکستانیوںکی عمران خان کی حمایت کے بغض میں منفی ریماکس دے تو یہ قطعی نا مناسب ہے ، پوری قوم اوورسیز پاکستانیوںکی خدمات کی ستائش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میںپاکستان تحریک انصاف مزید مضبوط سیاسی قوت بن کر سامنے آئی ہے اور ان شااللہ عمران خان اپنی قوم کو مایوس نہیںکریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں