رانا ثناء اللہ

عمران خان نیازی امریکی سازش کی طرح اب مسلسل اپنی جان کو خطرے کابیانیہ بنارہے ہیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نیازی امریکی سازش کی طرح اب مسلسل اپنی جان کو خطرے کابیانیہ بنارہے ہیں،ان کو ممکنہ خطرے سے متعلق اگر کوئی ٹھوس ثبوت سابق وزیراعظم عمران نیازی کے پاس ہے تو اسے وزارت داخلہ سے فی الفورشئیرکریں،حکومت اس معاملے کی مکمل تحقیقات کروانے کیلئے تیارہے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ اگر سابق وزیراعظم عمران نیازی چاہیں تو جان کو خطرے سے متعلق معاملے پر ایک جوڈیشل کمیشن بھی قائم کرسکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن عمران نیازی کے فراہم کردہ شواہد اور معلومات کا جائزہ لیکر آزادانہ فیصلہ دے سکتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ اگرعمران نیازی اپنی جان کو خطرے سے متعلق معلومات فراہم نہیں کرتے تو امریکی سازش کی طرح اس بیانیے کو بھی ایک پولیٹیکل سٹنٹ ہی تصور کیا جائیگا۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ ایک سابق وزیراعظم کا اپنی جان کے خطرے کو پولیٹیکل سٹنٹ کے طور پر پیش کرنا انتہائی افسوسناک ہے اور خطرے کا باعث ہوسکتا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ میرا مشورہ ہے عمران نیازی اپنی سکیورٹی کو سیاسی پراپیگنڈے کے طور پر پیش نہ کرے؛ شواہد ہیں ہم سے شیئر کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں