وزیراطلاعات مریم اورنگزیب

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی جوہری دھماکوں کی سالگرہ پر قوم ، قیادت اور سائنسدانوں کو مبارک باد

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے جوہری دھماکوں کی سالگرہ پر قوم ، قیادت اور سائنسدانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم تکبیر کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کا میثاق معیشت کا اعلان پاکستان کو حقیقی معاشی آزادی دلانے کی طرف تاریخی قدم ہے ، پاکستان کوکوئی غلام نہیں بناسکتا ،وزیراعظم نوازشریف نے دنیا پر ثابت کیا ہمیں نہ خریدا جاسکتا ہے، نہ جھکایا جاسکتا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یوم تکبیر اعلان تھا کہ پاکستان آزاد تھا، آزاد ہے اور آزاد رہے گا ۔

انہوںنے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو سے وزیراعظم نوازشریف تک کے قائدین کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ بھٹو شہید نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے اس کی تکمیل کی ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے دنیا پر ثابت کیا کہ ہمیں نہ خریدا جاسکتا ہے، نہ جھکایا جاسکتا ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ جوہری پروگرام کا تسلسل پاکستان کے اپنے دفاع کے لئے کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا تاریخی ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جوہری پروگرام کو بنانے، پروان چڑھانے اور اس کا عملی اظہار کرنے والا ہر فرد قوم کا ہیرو ہے ، سلام پیش کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر پر دس روزہ تقریبات کا اعلان کیا ہے، اتحاد کے جذبے سے یہ خوشی منائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم اپنے اس عہد کو دوہراتے ہیں کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یوم تکبیر کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کا میثاق معیشت کا اعلان پاکستان کو حقیقی معاشی آزادی دلانے کی طرف تاریخی قدم ہے ۔انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم ایٹمی پروگرام کے معمار ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ان کی ٹیم اور تمام سائنسدانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں