لاہور (گلف آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کیخلاف کیس میں صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو فریق بنانے کا حکم دے دیا۔حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف تحریک انصاف اور ق لیگ سمیت دیگر کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ آئین میں گنجائش نہیں ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی وزیراعلی سے حلف لے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کیس میں گورنر کی بجائے وفاقی حکومت کو فریق بنانا زیادہ ضروری ہے۔
لارجر بینچ نے پی ٹی آئی کے وکیل کو صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپیل میں ترمیم کرکے صدر اور گورنر کو فریق بنائیں، ہم صدر اور گورنر کو بھی سننا چاہتے ہیں۔ بینچ نے اپیلوں پر کارروائی آج بروز ( بدھ ) تک کے لئے ملتوی کر دی۔