دنیا کو ایسے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہیے، جو بڑی تعداد میں پناہ گزینوں کی میزبانی جاری رکھے ہوئے ہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد(گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو ایسے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہیے، جو بڑی تعداد میں پناہ گزینوں کی میزبانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پناہ گزینوں کے عالمی دن کی مناسبت سے ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ مہاجرین جنگوں اور تنازعات کے ساتھ غربت اور معاشی عدم مساوات کا سب سے زیادہ شکار ہیں،شام سے لے کر فلسطین اور افغانستان تک، مہاجرین کی حالت زار دنیا کی توجہ مبذول کراتی ہے کہ اس معاملے پر نہ صرف نئی پالیسی بنائی جائے بلکہ وسائل بھی مختص کیے جائیں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان پناہ گزینوں کے عالمی دن کی یاد میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے،اس دن کو مناتے ہوئے ہم دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم جبری نقل مکانی کے محرکات پر غور کریں اور پناہ گزینوں کے حالات کیلئے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔

پاکستان نے چار دہائیوں سے دنیا کے سب سے بڑے اور طویل ترین مہاجرین کے حالات میں سے ایک کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر ڈالی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔

پاکستان کے عوام نے ملک میں پناہ گزینوں کے لیے مثالی سخاوت، مہمان نوازی اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جیسے جیسے دنیا بھر میں نئے حالات ابھر رہے ہیں، بین الاقوامی برادری کو افغان مہاجرین کی دیرینہ صورتحال کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں