چیئر مین سینٹ

وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے، چیئر مین سینٹ

اسلام آباد(گلف آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالائ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی اور کشمیری عوام بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ افواج کے مظالم اور بربریت کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کسی بھی صورت آزادی کیلئے اٹھنے والی آواز کو دبا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادیں موجود ہیں اور ان قراردادوں کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کیلئے جاری جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں