اوپن یونیورسٹی

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں داخلے جاری،تمام پروگراموں کے پراسپکٹس آن لائن دستیاب

اسلام آباد(گلف آن لائن):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2022کے پہلے مرحلے کے داخلے شروع ہوگئے ہیں، پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے تعلیمی پروگراموں میں میٹرک جنرل، میٹرک درس نظامی، میٹرک اوپن کورسز، ایف اے جنرل، آئی کام، ایف اے درس نظامی،ایف اے اوپن کورسز، مڈل ٹیک، سرٹیفکیٹ کورسز،بی ایس، ایم ایس سی، ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی شامل ہیں۔مذکورہ پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن فراہم کردئیے گئے ہیں۔میٹرک اور ایف اے پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی کمیپسز/رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم سیل پوائنٹس سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں فارم آن لائن اور مینول دونوں طریقوں سے جمع کرایا جاسکتا ہے جبکہ بی ایس، ایم ایس سی، ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں فارم صرف آن لائن طریقہ سے جمع کرایاجائےگا۔ یونیورسٹی کی نئی پالیسی کے تحت اب دنیا بھر میں رہنے والے اوورسیز پاکستانی اور بین الاقوامی طلبہ بھی میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں میں داخلہ لے سکتے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سمسٹر میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، بحرین،عمان، ملائیشیا، اٹلی، کینیڈا،افریقہ اور امریکا سمیت دیگر ممالک کے طلبہ نے مختلف تعلیمی پروگراموں میں داخلہ لیا تھا جس کی بنیاد پر یونیورسٹی نے آئندہ 3سالوں میں بین الاقوامی طلبہ کی تعداد کو 10 ہزار کرنے کا ہدف مقرر کیاہے۔

بیرون ممالک میں یونیورسٹی داخلے آن لائن سسٹم کے تحت پیش کررہی ہے، انکے لئے داخلوں سے لیکر امتحانات تک تمام سرگرمیاں آن لائن ہونگی۔یکم ستمبر سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے کے داخلوں میں بین الاقوامی طلبہ کے لئے 30سے زائد پروگرامز پیش کئے جائیں گے۔داخلہ فیس صرف بینک چالان، جاز کیش، ایزی پیسہ اور یوپیسہ کی موبائل ایپ *786#USSDسٹرنگ /ریٹیلر ایجنٹ /فرنچائزز اور موبی لنک، ٹیلی نار، یوبینک کی برانچز کے ذریعے قبول کی جائے گی۔ چیک/بینک ڈرافٹ/پے آرڈر قابل قبول نہیں ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں