شاہد خاقان عباسی

پی ٹی آئی نے آٹھ سال میں کوئی ریکارڈ الیکشن کمیشن کو نہیں دیا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آٹھ سال میں کوئی ریکارڈ الیکشن کمیشن کونہیں دیا، آٹھ سال سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آیا، کوئی جماعت بیرونی شخص سے پیسہ لے تو ڈیکلیئر کرنا ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے اس کیس کا فیصلہ روکنے کیلئے الیکشن کمیشن پر دباﺅ ڈالا، ٹی آئی نے تسلیم کیا کئی پارٹی اکاﺅنٹس کا ان کو علم نہیں، امریکہ میں دو کمپنیوں کے چیئرمین کا نام عمران خان کے نام پر ہے۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ہے اور ملاقات میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آٹھ سال سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آیا، کوئی جماعت بیرونی شخص سے پیسہ لے تو ڈیکلیئر کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکبر بابر نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے ثبوت الیکشن کمیشن میں پیش کیے، پی ٹی آئی نے اس کیس کا فیصلہ روکنے کیلئے الیکشن کمیشن پر دباﺅ ڈالا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آٹھ سال میں کوئی ریکارڈ الیکشن کمیشن کونہیں دیا، اسٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے بیرون ملک سے وصول پیسے پر ریکارڈ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تسلیم کیا کئی پارٹی اکاﺅنٹس کا ان کو علم نہیں، امریکہ میں دو کمپنیوں کے چیئرمین کا نام عمران خان کے نام پر ہے اور یہ کمپنیاں امریکہ میں عمران خان کے نام پر پیسہ لیتی رہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ریکارڈ پر موجود پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے، یہاں رات میں عدالتیں کھلتی ہیں جو اپنے ہی فیصلوں کی نفی کر دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا حق ہے کہ پتہ لگے عمران خان نے کس سے پیسے لیے، فنانشیل ٹائمز نے رپورٹ میں کہا کہ عارف نقوی نے کرکٹ میچ کروا کر عمران خان کو پیسے دیے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کمپنیوں کے پیچھے کون لوگ تھے یہ وقت بتائے گا، عمران خان کے ہاتھ صاف تھے تو پہلے دن ہی ریکارڈ کیوں الیکشن کمیشن کو نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی عمران خان الیکشن کمیشن پر حملہ کر رہا ہے، ان کی کوشش ہے کہ گالیاں نکال کر فیصلہ روکا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں