کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے سیلابی گزرگاہوں پرتجاوزات کے خلاف درخواست پرسماعت دوہفتوں کیلیے ملتوی کردی۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں سیلابی گزرگاہوں پر تجاوزات کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمدعلی ایم شیخ نے کہا کہ ابھی سیلاب آیا ہوا ہے اور ہم انتظامیہ کو یہ کام کرنے کا کہہ دیں؟عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی سیلاب آرہا ہے، دیکھیں گڈو بیراج اور سکھر بیراج میں کتنی کیوسک پانی ہے؟ لوگ سیلاب میں الجھے ہوئے ہیں اور پوری مشینری کو یہاں بلا لیں؟۔
وکیل درخواست گزارایڈووکیٹ رفیق کلہوڑو نے موقف اپنایا کہ اگر تجاوزات ختم نہ ہوئیں تو سیلاب کے نقصانات بہت بڑھ جائیں گے۔وکیل نے دلائل دیئے کہ سپریم کورٹ نے 2010 کے سیلاب کے دوران تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا تھا جس پرعدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیلاب کے نقصانات سامنے آنے دیں پھر دیکھیں گے۔سندھ ہائی کورٹ نے سماعت دوہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔