سینئر اداکار عابد علی کی تیسری برسی ( آج) منائی جائے گی

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری پر چار دہائیوں تک راج کرنے اور ہر کردار میں سمو جانے کی صلاحیت رکھنے والے سینئر اداکار عابد علی کی تیسری برسی آج ( پیر) کے روز منائی جائے گی ۔اداکار عابد علی نے 70 سے 90 کی دہائی تک پی ٹی وی کے کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا جن میں وارث ،پیاس،دوریاں، دشت،مہندی،دیار دل اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔پاکستان میں جب نجی ٹیلی وژن نے قدم رکھا تو عابد علی نے ان چینلز پر بھی کئی ڈراموں میں کام کیا اور اس کے علاوہ ہدایتکاری بھی کی۔

عابد علی کی پیدائش کوئٹہ میں ہوئی تھی۔ سکول کے دنوں میں ان کی توجہ تحریر اور مصوری کی طرف رہی تاہم 1969 میں کالج کے دنوں میں انہوںنے ریڈیو پر اپنی کرشماتی آواز کے سحر سے سب کو متاثر کردیا۔1973 میں وہ لاہور چلے آئے جہاں پاکستان ٹیلی وژن پر اپنی قسمت آزمانے کی کوشش کی اور بالآخر وہ اس میں کامیاب ہوگئے اور وارث جیسے سپر ہٹ ڈرامے میں انہیںکردار بھی ملا۔ڈرامہ انڈسٹری کے ناموراداکار عابد علی 5ستمبر کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں