امیتابھ بچن

امیتابھ بچن میوزک کمپوزر بھی بن گئے، فلم کیلئے دْھن بنا ڈالی

ممبئی (گلف آن لائن)بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران انڈسٹری کے کئی شعبوں میں اپنی مہارت کا لوہا منوایا، جس میں اداکاری، گلوکاری اور تو اور بطور پروڈیوسر بھی کام کیا۔ تاہم اب جبکہ ان کے کیریئر کو لگ بھگ 54 برس ہونے کو ہیں، تو اب انہوں نے انڈسٹری میں ایک نئے شعبے میں اپنی کامیابی کی شروعات کی ہیں اور اب بطور کمپوزر انہوں نے دولکوئر سلمان کی فلم چپ (ریوینج آف دی آرٹسٹ) کا میوزک ترتیب دیا ہے۔ اس طرح اس فلم کی ٹیم میں پہلی بار ان کا نام بطور کمپوزر شامل ہوگا۔

فلم چپ کی ہدایتکاری آر بلکی نے دی ہے جو اس سے قبل امیتابھ کی فلم پا، چینی کم اور شمیتابھ کی ہدایت کاری بھی کر چکے ہیں۔آر بلکی کا کہنا ہے کہ امیتابھ کے اس فلم میں کمپوزر بننے کا معاملہ اچانک ہوا، میں نے ان سے کہا کہ فلم چپ دیکھیں، فلم دیکھنے کے بعد انہوں نے مجھے کہا کہ وہ اپنے پیانو پر کوئی دھن بناکر دیں گے، جسے بعد میں سنا تو بہت اچھی لگی، بس یہ ہے ان کے میوزیشن بننے کی کہانی۔اس فلم میں دولکوئر سلمان کے ساتھ سنی دیول، شریا دھانونتھاری اور پوجا بھٹ شامل ہیں، اسے ماضی کے اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر آنجہانی گرو دت کے لیے خراج عقیدت قرار دیا جارہا ہے۔ یہ فلم تھیٹر پر 23 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں