لاہور( گلف آن لائن)وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری محمد افضل ساہی نے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے امور اور متاثرین سیلاب کی بحالی و آبادکاری کے حوالے سے تبادلہ خیا ل کیا ۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی جلد بحالی کیلئے کوشاں ہے ،مخیر حضرات وزیراعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں رقوم جمع کرا رہے ہیں،سیلاب متاثرین کی بحالی میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام اور طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ میڈیکل ٹیمیں متاثرین سیلاب کے علاج معالجے کیلئے موجود ہیں،پنجاب حکومت نے ملکی یکجہتی کے فروغ کیلئے میڈیکل ریلیف مشن بلوچستان اور سندھ روانہ کیا ہے،میڈیکل ریلیف مشن ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، ادویات اور امدادی سامان پر مشتمل ہے،سیلاب زدگان کیلئے 9 ٹرک بھیجے گئے ہیں جن میں ادویات، راشن اور دیگر امدادی سامان شامل ہے۔