سیلاب کے خطرے

سندھ میں سیلاب سے اموات کا سلسلہ نہ رک سکا، لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور

دادو /سہیون (گلف آن لائن)سندھ بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث اموات کا سلسلہ نہ رک سکا، مختلف مقامات پر پڑنے والے شگافوں اور دیئے گئے کٹ سے سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے جس کے باعث لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تحصیل دادو میں یونین کونسل پیر شاہنواز اور یار محمد کلہوڑو میں پیر نہر پر بنائے گئے رنگ بند میں شگاف پڑگیا، سیلاب سے خدا آباد اور قصبہ فکا پانی کے گھیرے میں آگئے، یار محمد کلھوڑو کا تاریخی مقبرہ بھی زیر آب آگیا۔

بھان سعید آباد میں بھی اب تک سیلاب کا خطرہ ٹل نہیں سکا، پانی رنگ بند سے ٹکرا گیا، بھان سعیدآباد کا گرڈ اسٹیشن بھی زیرآب آچکا جس کے بعد گزشتہ 48 گھنٹوں سے بھان سعید آباد کی بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے پلان بی کے تحت شہر کی دوسری ڈیفنس لائن برڑا نہر پر رنگ بند کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔قدیمی قصبہ فکا اور گائوں احمد خان جتوئی روڈ پر کٹ لگا دیا گیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق پانی کا دبائو کم نہ ہونے پر پلان سی کے تحت انڈس ہائی وے کو باریچہ اسٹاپ کے قریب کٹ دیا جائیگا، پانی ریلوے پل سے دریائے سندھ کی طرف جائیگا جبکہ میہڑ، جوہی، خیرپور ناتھن شاہ کے رنگ بندوں پر پانی کے دبائو میں کمی آرہی ہے اور پانی منچھر جھیل کے راستے دریائے سندھ کی طرف بڑھنا شروع ہو رہا ہے۔

دوسری جانب خیرپور میں سیلابی صورتحال اور مختلف حادثات میں کئی اموات واقع ہو چکی ہیں اور خیرپور کے متعدد علاقوں میں اب تک کئی کئی فٹ پانی موجود ہے۔درگاہ نصیر فقیر جلالانی کے قریب پانی میں دو بہن بھائی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، تحصیل نارا کے علاقے تجل شریف میں 20 سال کا نوجوان ڈوب کر لاپتا ہوگیا جبکہ کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک نوجوان جان کی بازی ہارگیا اور فیض گنج کے گوٹھ ابراہیم خاصخیلی میں بیٹی کی پیدائش کے بعد گیسٹرو میں مبتلا ماں چل بسی۔

قمبر میں سیلاب متاثرین کو راشن اور خیمے نہ ملنے کے خلاف متاثرین نے ڈی سی ہائوس کیمپ گیٹ پر احتجاجی دھرنا دیکر سخت نعریبازی کی، مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر نوٹس لینے کی اپیل کی دوسری جانب سیلابی ایمرجنسی کے باوجود ضلع بھر کے مختلف ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے کے باعث ڈی ایچ او نے غیر حاضر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کردی ہے۔
٭

اپنا تبصرہ بھیجیں